مسلم لیگ کا بیڑا غرق کرنیوالوں کی الیکشن میں ضمانت ضبط ہو گی، وجاہت حسین

Published: 11-10-2022

Cinque Terre

اسلام آباد(نمائندہ ڈاک) رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ملک، صوبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی جب بھی صوبے میں ڈیلیور کرنے کا سوچتے ہیں تومرکز سے رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو عوام کے درد کی کوئی پروا نہیں، مریم صفدر کہتی تھیں کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے دل خون کے آنسو روتا ہے اور بند کمروں میں شہباز شریف کو کہتی رہیں کہ پٹرول کی قیمت بڑھا دیں، اب مریم صفدر کا عوام کیلئے درد کہاں گیا؟ اتنے زیادہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ وہ یہاں مسلم لیگ راولپنڈی کی تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق وفاقی وزیر اسمبلی چودھری وجاہت حسین، چیئرمین وزیراعلیٰ شکایات سیل و ضلعی صدر راولپنڈی زبیر خان، نائب صدر راولپنڈی چودھری شہباز گوشی، جنرل سیکرٹری فیاض تبسم، ڈسٹرکٹ کونسل ممبرز راولپنڈی حاجی ارشد محمود، میڈم رفعت اور راولپنڈی کی تنظیم کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ اگر یہ لوگ اقتدار میں ہوں تو مزے لوٹتے ہیں اور اقتدار میں نہ ہو تو لندن بھاگ جاتے ہیں، پیپلز پارٹی والے ایسے شخص کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں جسے یہ نہیں پتہ کہ انڈے درجن میں بکتے ہیں یا کلو میں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے جو پچھلے تیس سالوں سے ملک اور عوام کو لوٹ رہے ہیں، ان کے کاروبار اور اولاد سب بیرون ملک ہیں، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ ان کے ذاتی سرمایہ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان نے لانگ مارچ کی کال دیں تو ہم نے متحد ہو کر باہر نکلنا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے ملک اور بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے باہر نکلیں اور اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہر دور میں مشکل حالات کا سامنا کیا اور ہمیشہ سرخرو ہوئے، راولپنڈی کی تنظیم ہمارے پیچھے دیوار بن کر کھڑی ہے، انشاء اللہ ہم بھی اپنے مخلص کارکنوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنا اور انہیں آ گے بڑھنے کا موقع دینا چودھری پرویزالٰہی کی سیاست کا نصب العین ہے، جن لوگوں کیلئے ہم نے قربانیاں دیں انہوں نے ہی مسلم لیگ کا بیڑا غرق کیا، ایسے لوگوں کو عنقریب حلقے سے جوتے پڑیں گے اور ان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور پرویزالٰہی کے آپس میں اچھے روابط نہیں تو یہ ان کی بھول ہے، عمران خان اور ہمارا اتحاد انشاء اللہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں پاکستان مسلم لیگ کی تنظیموں کو مزید فعال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جماعت کی شناخت اور عمران اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے

آج کا اخبار
اشتہارات