سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی کی چوہدری پرویز الٰہی کی دین کیلئے خدمات تحسین

Published: 13-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران ان کی دین کے حوالے سے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ نے دین کے حوالے سے جو قانون سازی کی ہے وہ قابل تعریف ہے او رہم آپ کی دینی خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں کیونکہ آپ نے دین اسلام کے حوالے سے گراں قدر کام کیاہے۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک کام کا صلہ دے گا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے گفتگو کے دوران مزید کہاکہ آپ نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف کیلئے قانون سازی کر کے تاریخ ساز اقدام کیاہے بلاشبہ آپ کی سربراہی میں پنجاب حکومت کے دین کے حوالے سے مبارک اقدامات قابل تحسین ہیں اور اس ضمن میں آپ جو کار خیر کررہے ہیں اس کی توفیق اللہ تعالیٰ نے آپ کو دی ہے۔ ہم  دینی خدمات کے حوالے سے آپ کی خصوصی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ہم آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہیں۔ شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور وفد کے دیگر ارکان نے پنجاب میں شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔

آج کا اخبار
اشتہارات