وفاق کا پنجاب کو گندم امپورٹ کی اجازت نہ دینا قابل مذمت، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 17-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وفاق نے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دینے سے انکارکردیاہے۔وزیراعلی پنجاب چودھری  پرویزالٰہی نے وفاق کی جانب سے پنجاب کو گندم امپورٹ کی اجازت نہ دینے پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سندھ او ردیگرصوبوں کو وفاق کی جانب سے امپورٹ کردہ گندم فراہم کی جاچکی ہے۔وفاق پہلے بھی گندم امپورٹ کرچکا ہے لیکن پنجاب کو شیئر نہیں دیااوراب پنجاب نے خود ادائیگی کے ذریعے10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔پنجاب نے عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق گندم امپورٹ کی اجازت طلب کی تاہم وفاق نے اجازت دینے سے انکار کیا۔ پنجاب کے عوام کے بارے میں وفاق کا رویہ افسوسناک ہی نہیں، قابل مذمت بھی ہے۔شہباز شریف ن لیگ کو پنجاب سے نکالنے کا بدلہ عوام سے لینے کی سازش کررہے ہیں اورپنجاب میں گندم کی قلت پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے اسلام آباد کو بدستور16ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مختلف وجوہات کی بنا پر رواں سال میں گندم کا سٹاک نسبتاً کم ہے۔پنجاب میں سیلاب متاثرین او ردیگر وجوہات کی بنا پر گندم کی امپورٹ ناگزیر ہوچکی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں گندم کے موجودہ سٹاک اور دیگر امور کاجائزہ لیاگیا۔یوریا، فاسفیٹ، گندم کے بیج اور درآمدی گندم پر سبسڈی کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سبسڈی کیلئے قابل عمل او ربہتر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، صوبائی وزیرخوراک سردار حسنین بہادر دریشک،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

آج کا اخبار
اشتہارات