امریکی صدر کا بیان غیر ذمہ دارانہ، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں

Published: 17-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن پہلے بھی غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے رہے ہیں اور اب بھی ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے نہایت غیر ذمہ دارانہ بات کی ہے جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے الیکشن سے چند دن پہلے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن، سینیٹر جان کیری اور سینیٹر چک ہیگل ہمارے گھر آئے اور چودھری پرویزالٰہی کی ایجوکیشن پالیسیوں اور صحت کے شعبوں میں مثالی کاموں کو سراہا جس کے بعد انہوں پاکستان کی سیاست اور الیکشن کے حوالے سے باتوں میں کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ ق الیکشن جیت گئی تو ہم نتائج تسلیم نہیں کریں گے، یہی بات انہوں نے پاکستان سے جاتے وقت CNN کو انٹرویو میں بھی کہی، اس پر چودھری پرویزالٰہی نے ان سے پوچھا کہ آپ کی الیکشن مہم میں کوئی اس طرح کی بات کرے تو آپ کا ردعمل کیا ہو گا اس پر امریکی سینیٹرز نے ہنس کر بات بدل دی اور جھینپ کر پنجاب میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سسٹم کی تعریفیں کرنے لگے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ترین ہیں جو اس وقت پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہیں، ہمارے ایٹمی پروگرام کو 22 کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے، جب سے پاکستان نے ایٹمی پروگرام شروع کیا اس وقت سے آج تک کبھی بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا اور ہمارے ایٹمی اثاثے ہندوستان سمیت کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو زیربحث لانے کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اسے زیر بحث لایا جائے۔

آج کا اخبار
اشتہارات