”چوہدری پرویز الٰہی کا اوورسیز کیلئے تحفہ“LDA ہاؤسنگ سکیموں میں ون ونڈو آپریشن منظوری

Published: 18-10-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائند ہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز  الٰہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہورکے ماسٹر پلان 2050 کے پلان کی منظوری دیدی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اوورسیزپاکستانیوں کی سہولت کے لئے اہم اقدام کرتے ہوئے  ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی منظوری دے دی۔ اوورسیز پاکستانی ایک ہی دن میں ایل ڈی اے سے پلاٹ خرید سکیں گے۔اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفرکی سہولت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی بھائیوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنارہے ہیں۔اوورسیزپاکستانیوں کے معاملے میں کوئی سرخ فیتہ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شاہدرہ پلان کو جلد ازجلد قابل عمل بنانے اور تعمیرات کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آزادی چوک میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے بائیکرز اورہیڈبرج بنانے، اکبر چوک کوسگنل فری کرنے کیلئے فلائی ا ووراورانڈرپاس تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن2019میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور ماسٹر پلان2050کے تحت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھاجائے گا۔ لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کیلئے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔بفرزون قائم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کیلئے انٹرچینج اورفلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مزیدزرعی زمین ایکوائرکرنے کی بجائے ملٹی سٹوری بلڈنگ کلچر کو فروغ دیا جائے۔ اجلاس میں جوہر ٹاؤن، موضع چک مزنگ میں اراضی ایکوائرکرنے اور ایل ڈی اے ایونیو ون میں تنازعات حل کرنے کیلئے فریقین سے بات چیت کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے سکیموں کیلئے ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ سب کمیٹی میں ارکان اسمبلی بھی شامل ہوں گے۔اجلاس میں موضع کھاڑک،خیبربلاک علامہ اقبال ٹاؤن،گلشن راوی میں حل طلب امورعدالتی اورقانونی احکامات کے مطابق حل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے ایونیو ون کے نادہندگان کی ادائیگی کی مدت میں توسیع اور ٹیپا کیلئے ڈویلپمنٹ ورک پرعائد پابندی اٹھانے کی بھی منظوری دی گئی۔جوہر ٹاؤن میں زیر التواء پلاٹس کی ریگو لرائزیشن کی منظوری دی گئی اور ایل ڈی اے گورننگ باڈی کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کنسلٹنٹ ماسٹر پلاننگ مسٹر ڈیوڈ نے لاہور ماسٹر پلان 2050پرتفصیلی بریفنگ دی۔ اکنامک ڈویلپمنٹ سٹریٹجی،ریجنل سٹریٹجی اوردیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر میاں محمد اسلم اقبال، صوبائی مشیر عامرسعید راں،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،وائس چیئرمین شیخ امتیاز محمود، ارکان صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، ملک مختار احمد، محمد عاطف، عامر ریاض قریشی،طارق ثناء باجوہ، متعلقہ سیکرٹریز، ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے ارکان، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسااور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

آج کا اخبار
اشتہارات