Published: 25-09-2022
ممبئی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ فضا علی نے بتایا کہ ایک دور میں ان کے گھر کے حالات اتنے خراب تھے کہ وہ نئے کپڑے خریدنے کے بجائے لنڈے کے استعمال شدہ کپڑے خرید کر پہنا کرتی تھیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فضا علی نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے بےحد مشکل وقت گزارا۔
انہوں نے بتایا کہ بڑی مشکل سے انہوں نے پیسے جوڑ کر 18 لاکھ کا ایک فلیٹ خریدا اس سے قبل وہ کرائے کے گھر میں رہتی تھیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ’میرے لیے پیسے جمع کرنا بہت مشکل تھا کیونکہ میں اپنی تعلیم مکمل کررہی تھی اور دوسرا مجھے اپنی والدہ کے کینسر کے علاج کے اخراجات بھی اُٹھانے تھے جوکہ کافی مہنگا ہے‘۔
فضا علی نے بتایا کہ’میں لنڈا بازار سے استعمال شدہ کپڑے اور جوتے لے کر پہنا کرتی تھی، میں کبھی عالی شان ہوٹلوں میں کھانا نہیں کھایا یہاں تک کے شوبز کیرئیر کے آغاز میں شوٹنگ کے دوران بھوکی رہی مگر اپنے پیسوں سے کھانا نہیں منگوایا اگر کسی نے دے دیا تو کھا لیا ورنہ گھر جاکر امی کے ساتھ ہی جو پکا ہو کھایا کرتی تھی‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں فضا علی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنے والد کو نہیں جانتی وہ بےحد ظالم تھے اور ان کے والد نے کبھی اپنے بیوی بچوں کی ذمہ داری نہیں اُٹھائی جس وجہ سے فضا کو کم عمری سے ہی کمانا پڑا۔