Published: 25-09-2022
لاہور: پاکستان کے نامور گلوکار ابرار الحق نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلی محبت بچپن میں اپنی اسکول پرنسپل سے ہوئی تھی۔
نجی ٹی وی سے انٹرویو میں زندگی کے یاد گار لمحات کے متعلق بات کرتے ہوئے گلوکار نے بچپن کی محبت کی ایک دلچسپ داستان سنائی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے پہلی بار اپنے اسکول میں اپنی پرنسپل کے ساتھ محبت ہوئی تھی۔ میرے والد اور پرنسپل کی ایک دوسرے سے اچھی جان پہچان تھی تو انہوں نے مجھے کہا تھا کہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو اپنی پرنسل کو جاکر بتانا۔
ابرار الحق کا کہنا تھا کہ میں بار بار شکایتیں لے کر ان کے پاس جایا کرتا تھا تو ایک دن پرنسپل نے مذاق میں کہا کہ تم ایسا کرو میرے ساتھ شادی کرلو ویسے بھی پورا دن تم یہاں شکایتیں لے کر آجاتے ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ میں ناسمجھ بچہ تھا، میں نے پرنسپل کی بات کو سنجیدگی سے لے لیا اور گھر جاکر اپنے والدین کو کہا کہ میں نے پرنسپل سے شادی کرنی ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میرے گھر والوں نے مجھے سمجھایا کہ بیٹا آپ ابھی چھوٹے ہو آپ کی ابھی شادی نہیں ہیپی برتھ ڈے ہوگی۔