Published: 24-10-2022
گجرات(نمائندہ ڈاک) ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف، ایم پی اے چوہدری سلیم سرور جوڑا نے یو سی 2 سٹارکالونی کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ چوہدری سلیم سرور جوڑا جب سٹار کالونی پہنچے تو اہل علاقہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ غلام مصطفی، پروفیسر سکندر، محمد اصغر، محمد شہزاد، اسد بٹ، ولی خان نے پھولوں کے ہار پہنائے اور ترقیاتی کام کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر عوامی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سلیم سرور جوڑا نے کہا کہ ترقیاتی کام گلیوں، نالیوں کی تعمیر، سوئی گیس، بجلی کی فراہمی یہ آپ کا بنیادی حق ہے۔ اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں ہے۔ دعا کریں کہ ملک میں ایسا نظام حکومت ہو کہ لوکل گورنمنٹ کے کام خود بخود ہوں کیونکہ اس میں اراکین اسمبلی کا کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہئے۔ یہ تو خود بخود ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نظام شروع سے ہی ایسا ہے کہ گلیوں، نالیوں کی سیاست کی جاتی ہے۔ میں نے انتخابی سیاست عمران خان کے وژن کے ساتھ کی ہے کہ ملک میں سسٹم تبدیل ہو۔ مگر سسٹم تبدیل نہیں ہو سکا جو لوگ ان کی حکومت میں شامل تھے وہی ان کے خلاف ہو گئے۔ عمران خان جو چاہتے تھے وہ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ عمران خا ن دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ عام انتخابات میں آپ میرٹ پر ووٹ دیں۔ 40 سال بعد آپ نے میرے خاندان کے بزرگوں کے بعد آپ نے مجھے منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال بعد میں چوہدری سرور جوڑا مرحوم کا نام زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات شہر میں یا تو عمران خان کا ووٹ سب سے زیادہ ہے یا چوہدری سرور جوڑا کی وجہ سے مجھے سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے لوگ بہت اچھے ہیں۔ اگر ان کے کام اچھے طریقے سے کئے جائیں تو یہ 40 سال بھی نہیں بھولتے۔ چوہدری سلیم سرور جوڑا نے کہا کہ ہمیشہ شرافت اور ایمانداری کوووٹ دیں۔ گلیوں نالیوں کے کام کچھ بھی نہیں یہ آپ لوگوں کے ٹیکسوں سے کام ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنے ترقیاتی کام پی پی 31 میں ہوئے ہیں۔ آج تک نہیں ہوئے اور کسی کام میں کوئی کمیشن نہیں لی۔ اگر کوئی ثابت کر دے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔