وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے چینی کمپنی سائینو ویک کیوفد کی مالقات، پنجاب میں 45 ارب کی سر مایہ کاری کی خواہش

Published: 01-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یہاں وزیراعلیٰ آفس میں چین کی کمپنی سائینوویک گلوبل کے نائب صدر گاؤ کیانگ (Mr. Gao Qiang)کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورپنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔چینی کمپنی نے پنجاب میں 200ملین ڈالر (تقریباً 45 ارب روپے) کی سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیا۔ چینی کمپنی پنجاب میں پلازما میڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری لگائے گی،جس پر تقریباً 45ارب روپے لاگت آئے گی۔چینی کمپنی 500ملین ڈالر کی ایکسپورٹ بھی کرے گی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے چینی وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سائینوویک کمپنی کو سی پیک انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں ترجیحی بنیادوں پر اراضی فراہم کی جائے گی۔اس انڈسٹریل اسٹیٹ کا سنگ بنیاد میں نے ا پنے سابق دور میں رکھا۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں۔سائینوویک کمپنی کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔یہ منصوبہ صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کامنصوبہ ہوگا اور اس منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے گا۔ اس منصوبے سے روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور یہ منصوبہ پاک چین دوستی کے لئے نئی مثال بنے گا۔ سائینوویک کمپنی کا پنجاب میں پلازمامیڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری لگانے کا منصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔چینی کمپنی کی جانب سے پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری پر آمادگی انتہائی خوش آئند ہے۔ کورونا وباء کے دوران پاکستان کو ویکسین کی فراہمی پرسائینوویک کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پنجاب میں پلازما میڈیسن پروڈکٹس تیار کرنے کی فیکٹری کا منصوبہ لگانا ایک بہت بڑا اقدام ہے۔ چیئرمین ڈین ہولڈنگزایس ایم نوید،چیئرمین فضل دین اینڈ سنزسہیل احمد کبیر،سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان،سیکرٹری صنعت،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چینی کمپنی کے وفد میں ٹیکنیکل کنسلٹنٹ سن سیکائی(Mr. Sun Sicai)، گو ہاو(Mr. Gu Hao)، لو فینگ(Mr. Lu Feng)، سن شاشا (Ms. Sun Shasha)، ہی لی کن(Ms He Likun)، لی زیکسوان (Ms. Li Zixuan) اور دیگر شامل تھے۔

آج کا اخبار
اشتہارات