Published: 03-11-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہیاور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی- جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، امریکہ سے آئے اوورسیز پاکستانی تنویر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے-صادق سنجرانی نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کے انقلابی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ آپ نے مختصرعرصے سے فلاح عامہ کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ -پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ اور جدید تربیت کے لئے تنویر احمد امریکہ سے کوچز لائیں گے -تنویر احمد نے کہا کہ پاکستان میں نیزہ بازی اور کشتی کے فروغ اور تربیت کیلئے فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے - کھلاڑیوں کے معاملے میں پاکستان نہایت زرخیز ہے جس کی سرپرستی کیلئے اقدام کریں گے - وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے - مسلم لیگ ن نے میرے دور کے فلاحی منصوبوں کو سیاسی انا کی بھینٹ چڑھایا-ن لیگ نے ہمیشہ انتقام کی سیاست کی -چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب سے ماضی میں ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت تھی- اب ن لیگ کا جی ٹی روڈ سے بھی صفایا ہو گیا ہے - انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور غریب آدمی کی ویلفیئر ہے-ہم نے ماضی میں انتقام کی سیاست کی نہ آئندہ کریں گے- چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں -