Published: 04-11-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہینے شوکت خانم ہسپتال سے خصو صی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان کی عیادت کی- انہوں نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں -عمران خان صاحب اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بالکل ٹھیک ہیں -عمران خان صاحب نے کہا میں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا -چودھری پرویز الٰہی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے خان صاحب خیریت سے ہیں اور بالکل محفوظ ہیں - وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہسپتال میں موجود آئی جی پولیس کو اعلی سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی-جے آئی ٹی میں کاؤنٹر ٹیرریزم ڈیپارٹمنٹ کو رکھا جائے گا تا کہ واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا جاسکے- وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں -ہم جاننا چاہتے ہیں واقعہ کے پیچھے کون ہیں، کن لوگو ں نے ملزم کو ٹرینڈ کیا -وہ کیا سوچ ہے جس کے تحت اس لڑکے کو تیار کیا گیا، کتنے اس کو پیسے ملے، کہاں سے لے کر آئے-لگتا ہے پہلے اس نے آکر پریکٹس کی اور کتنے ہی لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا-چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا کو بیان لیک کرنے والے پولیس عملے کو معطل کر کے موبائل ضبط کر لئے ہیں -فرانزک رپورٹ سے جاننا چاہتے ہیں کہ کس سے پولیس والوں کا رابطہ تھا-جہاں ملزم نے موٹر سائیکل کھڑی کی اس کے رشتے داروں کا کس سے رابطہ تھا-چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تفتیش آگے بڑھے گی تو میڈیا کے سامنے لائیں گے، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے-