شہباز شریف نے آڈیو لیک کرکے مراسلے کی حقیقت خود ہی بتا دی، عمران خان

Published: 30-09-2022

Cinque Terre

 مظفر آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک کرکے مراسلے کی حقیقت خود ہی بتا دی ہے جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آڈیو لیک نے ثابت کر دیا کہ سائفر ایک حقیقت ہے، کہا جاتا تھا عمران خان کے خلاف اگر عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہ ہوئی تو نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کشمیر کی اسمبلیوں میں بھی لوٹے آتے جاتے رہتے ہیں لیکن مجھ سے وعدہ کرنا جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے ان کو آگے آنے نہیں دینا کیونکہ یہ آپ کی ووٹ کی توہین ہے۔

 

 

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں جہاں جاتا ہوں مجھے کشمیری ملتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ کیا پاکستان ہماری قربانیاں ضائع کر دے گا، میں کہتا ہوں کہ جب تک عمران خان زندہ ہے آپ کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے جب کشمیر کی خصوصی حیثیت واپس لی تو میں نے تجارتی تعلقات ختم کر دیے اور میری حکومت نے فیصلہ کیا کہ جب تک وہ ان کا اسٹیٹس بحال نہیں کریں گے تب تک ہم تعلقات بحال نہیں کریں گے۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر بات دہرائی کہ اللہ نے مسلمانوں کو حکم دیا کہ برائی کی خلاف جہاد کرو اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو لیکن کبھی بھی اللہ نے یہ نہیں کہا کہ تم نیوٹرل رہو۔

وزیر خزانہ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک آدمی پرسوں واپس آیا جس پر کرپشن کیسز ہیں، یہ پرائم منسٹر کے جہاز میں بیٹھ کر بھاگ گیا تھا اور پھر ڈیل کر کے واپس آگیا ہے، اسحاق ڈار جب بھی وزیر بنا ملک کا دیوالیہ نکل گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے الزام لگایا کہ مریم کے داماد نے ہندوستان سے مشین ایمپورٹ کی ہے جبکہ مریم کا داماد ہاؤسنگ سوسائٹی بنا رہا ہے جس میں گرڈ اسٹیشن ٹیکس کے پیسے سے بنے گا۔

آج کا اخبار
اشتہارات