”گنے کی قیمت 3 سو روپے من“ شوگر ملز 25 نومبر سے کر شنگ کی پابندی، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 19-11-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت یہاں وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس منعقدہوا۔صوبائی کابینہ نے دو ماہ میں سالوں کا کام کرنے اور فلڈریلیف پروگرام کی کامیابی پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلڈ ریلیف پروگرام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایس ایم بی آر زاہد زمان اختر،ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید اورساری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے اورخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 5ہزار سے زائد سیلاب متاثرین میں 12ارب روپے کی تقسیم کا پروگرام اپنی مثال آپ ہے۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہاکہ سندھ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اوروہ لوگ سیاست کے سوا کچھ نہیں کررہے۔ہم نے ایک ارب روپیہ سندھ کے لئے فلڈ ریلیف کا رکھا ہے وہاں ابھی تک سروے تک نہیں ہوا۔صوبائی کابینہ نے پنجاب میں شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا پابند کردیا۔صوبائی کابینہ نے گنے کی سپورٹ پرائس 300 روپے فی من کرنے کی منظوری دے دی۔احساس راشن رعایت پروگرام میں بینک آف پنجاب کو بھی شامل کرنے کی منظوری دی۔ ڈی جی ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر کو گریڈ 21دے دیا گیا۔کابینہ اجلاس میں ڈی جی اورریسکیو1122کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہاکہ سیلاب کے دوران ریسکیو1122نے بلاامتیازلوگوں کی مدد کی۔پنجاب کے ریسکیو1122جیسے مثالی ادارے کی تمام صوبے تقلید کررہے ہیں۔صوبائی کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ضابطہ کار کی منظوری دے دی۔پنجاب میں الیکٹرک رکشے چلانے کااصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کو ٹیکسز کی مد میں 50فیصد تک رعایت دیں گے۔ اجلاس میں پنجاب پولیس کی 3ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔ کابینہ اجلاس میں پولیس کے لئے ڈرون خریدنے کی منظوری بھی دی گئی اور بار ایسوسی ایشن کے لئے 350 ملین گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی -پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان کے کنٹریکٹ میں دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ہواوے سے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مفاہمتی معاہدے کی منظوری بھی دے دی گئی۔کابینہ نے ایل ڈی اے ٹریبونل کے صدر کی تعیناتی، سرگودھا اوربہاولپورکومتعلقہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹی ایریا قرار دینے،پنجاب ڈرگ رولز میں ترمیم،صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈکی ری ویمپنگ، پنجاب کمیشن آن سٹیٹ آف وویمن کی سالانہ رپورٹ،حکومت پنجاب کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈٹ رپورٹس،پبلک سیکٹر انٹرپرائز گورنمنٹ آف پنجاب آڈٹ اکاؤنٹ کے آڈٹ،چیئرمین زکوٰۃ وعشر کونسل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط،قائداعظم لائبریری شیڈول ریگولیشن1984میں ترمیم،پنجاب پبلک لائبریری جنرل ریگولیشن2012میں ترمیم،قائداعظم بزنس پارک کے کنٹریکٹ کے ازسرنو جائزہ لینے اورروڈا کے سابق چیئرمین کو3ماہ کے نوٹس پیریڈ کی تنخواہ کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔کپیسٹی بلڈنگ آف پی اینڈ ڈی برائے پالیسی پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ آف ڈویلپمنٹ پراسس ان پنجاب کے11 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

آج کا اخبار
Wait..! Newspaper05-12-2022 will be Update soon!.
اشتہارات