شریف خاندان نے 21 سال حکومت کی مگر ریسکیو 1122 جیسا ادارہ نہ بنا سکے، چوہدری پرویز الٰہی

Published: 30-09-2022

Cinque Terre

لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کاافتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو1122 موٹر بائیک سروس کے پنجاب کے تمام اضلاع میں افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف3بار وزیراعلیٰ بنے جبکہ شریف خاندان نے21سال حکومت کی لیکن وہ ریسکیو 1122ایمرجنسی سروس جیسا ایک بھی پراجیکٹ نہیں لاسکے۔ شہباز شریف اپنے دور میں ریسکیو1122 جیسا ایک بھی پراجیکٹ دکھا دیں تومیں سیاست چھوڑ دوں گا۔شہباز شریف  کو جب بھی اقتدار ملا تو انہوں نے ایمرجنسی سروس بند کرنے کی کوشش کی لیکن میڈیا اور ہائی کورٹ کے دباؤکی وجہ سے  نہ کر سکے۔یہی لوگ ہر بار بھیس بدل کر واپس آ جاتے ہیں اوریہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے پہلے بھی خرابی کی اوراب بھی خرابی کررہے ہیں۔کوئی ڈالر بن کر آتا ہے لیکن واپسی پر جاتے ہوئے ڈالر ساتھ لے جاتا ہے۔ڈرامہ گیر اورشعبدہ بازشہباز شریف کو پنجاب میں میری اور پی ٹی آئی کی حکومت آنے پرسب سے زیادہ صدمہ ہے اوران کا رونا بند ہی نہیں ہو رہاہے۔میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ ہم نے کسی پر جھوٹا کیس نہیں بنانا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس ضرور بنے گا اوریہ کیس رانا ثناء اللہ کے خلاف ہے اوراس کیس میں رانا ثناء اوردیگر ملزمان کو سزا ہوگی اورتمام کردار انجام کو پہنچیں گے۔اسمبلی میں ان کا بیان ریاست کے اندر ریاست ریکارڈ پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان اورپرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ریسکیو1122کے ادارے کوخیبر پختونخواہ میں لیکر آئے ہیں اورعمران خان نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے۔یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بلوچستان اورسندھ کی حکومتیں ریسکیو1122جیسا ادارہ نہیں بناسکیں،سندھ کو تو سیلاب کے بعد سمجھ آجانی چاہیے لیکن سندھ کے دیہات کا براحال ہے اوردنیا رورہی ہے،خوراک اورادویات مہیا نہیں ہیں۔اگر آپ ریسکیو خود نہیں بنا سکے تو پنجاب کی بنی بنائی چیز کو فالوہی کر لیں۔پنجاب کی طرح سندھ میں بھی اب ووٹ عمران خان کو ملیں گے کیونکہ ان کی نیت نیک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج شکرانے کے نفل ادا اور ایسے مزید ادارے بنانے کی توفیق کی دعا کرکے آیا ہوں۔صوبے میں ڈرائیونگ لائسنسگ کا فول پروف نظام بنائیں گے اورہمارا یہ لائسنس بیرون ملک بھی کام آئے گا۔لائسنسنگ نظام درست ہونے سے ٹریفک حادثات 50فیصد کم ہوں گے۔مریض کو بروقت ہسپتال پہنچانے کیلئے روڈز پرایمبولینس کیلئے ایکسٹرالین بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب بھر میں 1350ریسکیو موٹربائیکس دی جارہی ہیں جبکہ ہر ضلع کو50 ریسکیو موٹربائیک ملے گی۔موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کا رسپانس ٹائم 4 سے 5 منٹ ہوگا۔موٹربائیک کے ذریعے تنگ گلیوں اور دشوار راستوں تک بھی ایمرجنسی سروس ممکن ہوگی۔موٹربائیک ایمرجنسی سروس کو قصبات اورگاؤں تک توسیع دی جائے گی۔ایمبولینس وین کے ساتھ ایک موٹربائیک ایمبولینس بھی ہوگی۔5 نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں میں بھی موٹربائیک ایمرجنسی سروس شروع کی جائے گی۔

آج کا اخبار
اشتہارات